Thursday, 23 December 2021

گنگنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

 گنگنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

بڑبڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

ایک رقاص نے گا گا کے سنائی یہ خبر

ناچ گانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

لان میں تین گدھے، اور یہ نوٹس دیکھا

گھاس کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اس سے اندیشۂ فردا کی جُوئیں جھڑتی ہیں

سر کُھجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

پھر تو تم سر پہ اٹھا لو گے زمانے بھر کو

سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

آپ کا گھر ہے رہیں شوق سے اس میں، لیکن

بیچ کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اپنی کُشتی ہو میاں لاکھ فری سٹائل

کاٹ کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

یہ شریعت کا نہیں، گیس کا بل ہے بیگم

بِلبلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اس کے رُخسار پہ ہے اور تِرے ہونٹ پہ تِل

تلملانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

بس تمہیں اتنی اجازت ہے کہ شادی کر لو

شاخسانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اس سے تجدیدِ تمنا کی ہوا آتی ہے

دُم ہلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اور یوں تو تم جال کا کر دو گے کباڑہ بچو

پھڑپھڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

پھر تو تم سر پہ اٹھا دو گے زمانے بھر کو

سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

مکتبِ فکر ہے سکول نہیں ہے صاحب

قومیانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اٹھتے اٹھتے وہ مجھے روز جتا دیتے ہیں

روز آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

اس سے مورال مسلمان کا گر جاتا ہے

دال کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی

ان کے ارشادِ گرامی کو عنایت سن کر

مسکرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی


عنایت علی خان

No comments:

Post a Comment