Monday, 14 March 2022

دیکھ لیتی ہیں تمہیں جب بھی ہماری آنکھیں

 دیکھ لیتی ہیں تمہیں جب بھی ہماری آنکھیں

لوگ کہتے ہیں نہیں لگتیں تمہاری آنکھیں

جن میں ہر شام محبت کے دیے جلتے ہیں

وہ کوئی اور نہیں وہ ہیں ہماری آنکھیں

صبحِ پر نور سا دکھتا ہے تمہارا چہرہ

چڑھتے سورج کی سی لگتی ہیں تمہاری آنکھیں

پہلے تصویر بناتا ہے وہ میرے دل کی

اور پھر اپنی بناتا ہے شکاری آنکھیں

کتنی نمناک سی رہتی ہیں مگر دکھتی نہیں

یہ بظاہر جو نظر آتی ہیں پیاری آنکھیں

جانے والے تجھے معلوم نہیں ہے شاید

مر چکی ہیں وہ ترے ہجر کی ماری آنکھیں

ایک چہرے کو دکھانے کی غرض سے طارق

اک مصور نے بنائی ہیں یہ ساری آنکھیں


طارق ملک

No comments:

Post a Comment