Sunday, 13 March 2022

آنکھیں لہولہان کیں دامن بھی تر کیا

 آنکھیں لہولہان کیں دامن بھی تر کیا

تیری ہر ایک بات نے دل پر اثر کیا

کچھ تو طبیعتاً بھی تھے آوارہ گرد ہم

کچھ تیری جستجو نے ہمیں در بدر کیا

یوں تو ہمارے ساتھ کئی لوگ تھے مگر

کانٹوں بھری زمین پہ تنہا سفر کیا

ہم نے ہی اپنے خون کا غازہ دیا تجھے

ہم نے ہی تجھ کو صنف غزل معتبر کیا

کس نے ہماری راہ میں کانٹے بچھا دئے

کس نے ہماری راہ کو دشوار تر کیا

آخر اداسیوں کے سیہ ابر چھٹ گئے

کوئی تو ہے ہمارا کہ شب کو سحر کیا

سچائیوں میں لپٹے ہوئے جھوٹ کے سبب

مشکل سے اعتبار کے جنگل کو سر کیا


ریاض حنفی

No comments:

Post a Comment