Monday, 8 May 2023

لہو انسان کا سستا لگے ہے

 لہو انسان کا سستا لگے ہے

جسے دیکھو وہی پیاسا لگے ہے

اسے دیکھوں تو رسماً مسکرا دوں

یہ سودا بھی مجھے مہنگا لگے ہے

تعلق کُش، وفا دُشمن، ستم گر

مجھے یہ دور بھی تم سا لگے ہے

وراثت میں مجھے آنسو ملے ہیں

مجھے رونا بہت اچھا لگے ہے

مِرا اس سے کوئی ناتا نہ رشتہ

مگر وہ آدمی اپنا لگے ہے

انا کی سیڑھیوں پر چڑھ گیا ہوں

مجھے ہر آدمی بونا لگے ہے

شہود آیا ہے کیا دورِ بہاراں

جدا ہر شاخ سے پتا لگے ہے


شہود عالم آفاقی

No comments:

Post a Comment