Thursday, 14 October 2021

کر سکی جب نہ تم پر اثر شاعری

 کر سکی جب نہ تم پر اثر شاعری

میں نے پھر چھوڑ دی بے اثر شاعری

میرے شعروں سے نظریں چُراتے ہو کیوں

میں تو کرتی ہوں بس بے ضرر شاعری

دل کی حسرت کو آہوں کو کرتی بیاں

میری بے تابیوں کا ثمر شاعری

عہد آدھے ادھورے سے کچھ خواب ہیں

کچھ جفا کچھ وفا کا نگر شاعری

گاہے لکھتے ہوئے، گاہے پڑھتے ہوئے

دل دُکھائے مِرا، کس قدر شاعری

غم کے اظہار کا ہے سلیقہ سخن

درد لکھنے کا اعلیٰ ہنر شاعری

کیا یہ ارض و سما، کیا یہ دشت و دمن

آب و گل شاعری، بحر و بر شاعری

میں چھپوں دل سے، دل میرا مجھ سے چھپے

مجھ کو مجھ سے کرے باخبر شاعری

ہے یہ سوچوں کی پرواز کی رازداں

میرے خوابوں خیالوں کا گھر شاعری

راز اندر کے سب کو بتانے لگی

ہوگئی کس قدر، پرخطر شاعری

مجھ سے لکھنے کی جب ہر وجہ چھن گئی

کیسے کرتی رہوں عمر بھر شاعری

میں تھی تنہا، میں تنہا ہوں، تنہا سدا

میری رہبر، مری ہمسفر شاعری

کوئی ہمراز میرا نہ اس کے سوا

میری محرم میری چارہ گر شاعری


عنبرین جمیل خان

No comments:

Post a Comment