Saturday, 16 October 2021

زمیں کی آنکھ پہ یہ آسمان کھل گیا ہو

زمیں کی آنکھ پہ یہ آسمان کُھل گیا ہو

کہ اک خیال سے جیسے جہان کھل گیا ہو

یہ دل دلیلیں بہت مانگنے لگا ہے کہِیں

یہاں بھی دفترِ سود و زیان کھل گیا ہو

تمام گھاؤ مِری روح کی طرف لپکے

کہ جیسے زخموں کا دارالامان کھل گیا ہو

وہ یوں پھسلتا چلا جا رہا تھا بانہوں میں

کہ جیسے ہاتھ میں ریشم کا تھان کھل گیا ہو

وہ جس سے تم نے سِیا تھا فگار سینے کو

وہ اعتبار کا دھاگہ نہ جان کھل گیا ہو

یہ ساری باتیں ہوا تو بتا نہیں سکتی

کہیں کسی پہ نہ وہ رازدان کھل گیا ہو


منصور راٹھور

No comments:

Post a Comment