Sunday, 10 October 2021

خوابوں کا نشہ ہے نہ تمنا کا سلسلہ

 خوابوں کا نشہ ہے نہ تمنا کا سلسلہ

اب رہ گیا ہے بس غمِ دنیا کا سلسلہ

آباد دور دور ہیں ویراں سے کچھ مقام

یہ بستیاں ہیں یا کوئی صحرا کا سلسلہ

گردش میں جان و دل ہوں تو کیوں کر ملے سکوں

یارو نہیں یہ ساغر و مینا کا سلسلہ

دو ہی قدم چلے تھے کسی کی تلاش میں

پھر مل سکا نہ نقش کف پا کا سلسلہ

انساں کو سلسلوں سے ملے گی نجات کیا

دنیا کے بعد ہے ابھی عقبیٰ کا سلسلہ

اپنے وجود سے بھی گلے پر ہوا تمام

اتنا بڑھا شکایت بے جا کا سلسلہ

اک شہر تشنہ کام میں جیتے ہیں یوں سحر

آتا ہے روز خواب میں دریا کا سلسلہ


ابو محمد سحر

No comments:

Post a Comment