Sunday, 10 October 2021

لگی ذرا نہ طبیعت بہشت میں اپنی

 لگی ذرا نہ طبیعت بہشت میں اپنی

زمیں کے دُکھ تھے بہت سرنوشت میں اپنی

اندھیرے گھر میں یہی روشنی کا روزن ہے

چُنی ہے آنکھ جو دیوارِ خِشت میں اپنی

اِنہی ستاروں سے پُھوٹیں گے تیرگی کے شجر

جو آسمان نے بوئے ہیں کِشت میں اپنی

اسی لیے تو پڑی اپنے پاؤں میں زنجیر

کہ سرکشی تھی زیادہ سرشت میں اپنی

طلب سخن کو اسی حرفِ بے صدا کی ہے

جو آج تک نہیں آیا نوشت میں اپنی


ڈاکٹر توصیف تبسم

No comments:

Post a Comment