Thursday, 18 November 2021

اللہ کے محبوب طرحدار کا چہرہ

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


اللہ کے محبوبِ طرحدار کا چہرہ

خلاق کا شہکار ہے سرکار کا چہرہ

یادِ رخِ جاناں ہی سے فرصت نہیں ملتی

ہم نے کبھی دیکھا نہیں اغیار کا چہرہ

سائل کو ضرورت نہیں اس در پہ صدا کی

پڑھ لیتے ہیں سرکارﷺ طلبگار کا چہرہ

واللیل کا مفہوم ہے زلفِ شہ خوباں

والشمس ہے اللہ کے دلدار کا چہرہ

خالی رہا دامانِ طلب عمر بھر ان کا

تکتے رہے نادان جو اغیار کا چہرہ

کیا خوب گھڑی ہو گی پسِ مرگ جب عاشق

دیکھیں گے لحد میں شہِ ابرار کا چہرہ

لو ہو گئے، سر گرمِ شفاعت وہ سرِ حشر

نظروں میں ہے ایک ایک گنہگار کا چہرہ

امت کے لیے مرحلۂ حشر ہے آساں

ہے سامنے امت کے نگہدار کا چہرہ

آقا نے کیا حشر میں مجھ پر کرمِ خاص

نیکوں میں نمایاں تھا گنہگار کا چہرہ

کیا شانِ عطا ہے کہ ثناخوانوں میں ان کے

لکھا گیا طارق سے گنہگار کا چہرہ


طارق سلطانپوری

No comments:

Post a Comment