Saturday, 5 March 2022

بھیگتی پلکوں کو تارہ کر لیا

 بھیگتی پلکوں کو تارہ کر لیا

پیار میں ہم نے گزارہ کر لیا

بن بلائے تھے سو اس کا شکریہ

اس نے محفل میں گوارہ کر لیا

پھر بنایا اس نے جانِ انجمن

انجمن سے جب کنارا کر لیا

دیکھ کر چہرے کو میرے غور سے

اس نے زخموں کو شمارہ کر لیا

مشورے پر دل کے اپنی آ نکھ میں

عکس کو تیرے ستارہ کر لیا

تیری یادوں سے ملی ڈھارس مجھے

تیری یادوں کو سہارہ کر لیا

دھجیاں کرکے گریباں عشق میں

دامنِ دل پارہ پارہ کر لیا

جب نہ مانا یہ دلِ ناداں مرا

عشق تم سے ہی دوبارہ کر لیا

موجِ دریا نے سفینہ دیکھ کر

تیز طوفانوں کا دھارا کر لیا

دشمنوں کا کیا برے حالات میں

دوستوں نے بھی کنارہ کر لیا

ساریہ الفت کے کاروبار میں

ہم نے خود اپنا خسارہ کر لیا


ہما ساریہ

No comments:

Post a Comment