Tuesday, 15 March 2022

کبھی تم دیر مت کرنا

 کبھی تم دیر مت کرنا


میں روٹھوں تو منانے میں

مجھے واپس بلانے میں

چراغِ دل جلانے میں

اندھیروں کو مٹانے میں

دیارِ دل بسانے میں

کہ میرے پاس آنے میں

کبھی تم دیر مت کرنا


یقیں کی داستاں تم ہو

کہ مثلِ کہکشاں تم ہو

میں دل ہوں، تو زباں تم ہو

مرے اندر نہاں تم ہو

مرے دل ہو کہ جاں تم ہو

کہ میرے رازداں تم ہو

مگر اندھیر مت کرنا

کبھی تم دیر مت کر


مری قسمت تمہیں تو ہو

مری الفت تمہیں تو ہو

مری چاہت تمہیں تو ہو

مری عزت تمہیں تو ہو

مری طاقت تمہیں تو ہو

مری ہمت تمہیں تو ہو

مجھے تم زیر مت کرنا

کبھی تم دیر مت کرنا


محبت کے گلستاں میں

کہ اس شہرِ نگاراں میں

سجے دل کے شبستاں میں

خزاں میں اور بہاراں میں

کہ کوئے عہد و پیماں میں

محبت کے یہ میداں میں

مجھے تم ڈھیر مت کرنا

کبھی تم دیر مت کرنا

کبھی تم دیر مت کرنا


روبینہ میر

No comments:

Post a Comment