Tuesday, 8 March 2022

چمن اجاڑ کے قبریں سجانے والے لوگ

 چمن اجاڑ کے قبریں سجانے والے لوگ

یہ بھوکے ننگوں کی برسی منانے والے لوگ

یہ اپنی پستی کا در اصل کرتے ہیں اعلان

مِرے بزرگوں کے قصے سنانے والے لوگ

سلیم پر بھی کبھی کاش یہ اٹھاتے ہاتھ

انار کلیوں پر انگلی اٹھانے والے لوگ

ہے جبری شادی بھی بیٹی کو زِندہ دفنانا

سمجھتے کیوں نہیں مرضی چلانے والے لوگ

یہ ذہنی طور پہ ہندو ہیں منہ سے کچھ بھی کہیں

خدا کے نام پہ لاشیں جلانے والے لوگ

زمانے والو! سہارہ سخن وروں کا بنو

یہی ہیں سوچوں کا قبضہ چھڑانے والے لوگ

وہ مجنوں مر کے بھی تاریخ کا حوالہ ہے

کہاں ہیں قیس پہ پتھر اٹھانے والے لوگ


شہزاد قیس

No comments:

Post a Comment