Thursday, 3 March 2022

ملاقات ممکن نہیں روپہلی چاندنی کے سنگ

 ملاقات ممکن نہیں


روپہلی چاندنی کے سنگ

اکیلے منڈیر پہ بیٹھے

لاحاصل لمحوں کے خواب دیکھنا 

کہاں کی دانشمندی ہے

کورے ہاتھوں کے بیکراں لمس کو 

اجنبی سانسوں سے پاک رکھنا کڑی مشقت ہے

یوں تو مُعطر سینے کی مہک 

دوری کہاں محسوس ہونے دیتی یے

تم جو دیکھو

وہی روپہلی چاندنی کی کوری کرنیں

ستاروں سے خفا دکھیں گی

خفگی بھرے آسمان کو گدلا ہونے میں 

دیر ہی کہاں لگتی ہے

بادِ نسیم کی اُلجھی زلفیں

سنوارنے والی مخروطی انگلیاں

دُوری کے چھالوں سے جُھلسی ہوئی ہیں

ابرپاروں کو چُھو کے دیکھو

ان کا مرہم وہیں ملے گا

شراپ دھرتی سے بہت اوپر

تم اور میں یکجا ملیں گے

ہمارے ملن سے امبر بنے گا

ہم جس کے آفتاب و ماہتاب ہوں گے

ستارے مسرُور و مسحُور ہو کر

ابد تک پھر ضوفشاں رہیں گے

پر تم یہ سب کہاں دیکھتی ہو؟

تمہارے ضمیر کی عدالت کا

اکھڑ منصف

بانجھ بیڑیوں میں تم کو جکڑے

مُنصفی کا ڈنکا پیٹتا ہے

میں تم سے اک ملاقات کا خواہش مند ہوں

دیانتداری سے ہم اس کا اہتمام کر لیں

تم سے نہ ہونے والی ملاقات کی خواہش 

مجھے ذہنی مریض بنا سکتی ہے


علی زیوف

No comments:

Post a Comment