Sunday 21 May 2023

عشق کا دعویٰ غلط ہے بات ہے بے کار کی

 عشق کا دعویٰ غلط ہے بات ہے بیکار کی

بات مانی ہے کبھی کیا قافلہ سالار کی

جب کہا تھا قافلہ سالار نے؛ مل کر چلو

کیسے جرأت ہو گئی پھر آپ کو انکار کی

بن رہے ہیں بے ہنر بھی صاحبِ علم و ہنر

کوئی عزت ہی نہیں ہے جبہ و دستار کی

چھا گیا ہے دشتِ جاں میں اک غبارِ بے حسی

اب ضرورت ہے ہمیں بھی عشق کے آزار کی

عشق کی گردن تو اس سے ہنس کے ملتی ہے صدا

کتنی گہری دوستی ہے گردن و تلوار کی

بے قراری اور بھی بڑھنے لگی یہ سوچ کر

کوئی صورت ہی نہیں ہے اب وصالِ یار کی

اب سروں کی کوئی قیمت ہی نہیں بازار میں

کیسی حالت ہو گئی ہے گرمئ بازار کی

ہر قدم پر ان کا نقشِ پا نظر آنے لگا

کیا ضرورت ہے بھلا اب کوچۂ دلدار کی

کتنے ہی کردار شامل ہیں کہانی میں مِری

بس ضرورت ہے مجھے اک صاحبِ کردار کی


فیاض علی

No comments:

Post a Comment