Sunday, 9 July 2023

عنایتوں کے شبستاں سے ہو کے وابستہ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


عنایتوں کے شبستاں سے ہو کے وابستہ

چمک رہا ہے طلب گاروں کا مہِ خستہ

انہیں خبر تھی کہ اُمت کدھر سے گزرے گی

انہوںﷺ نے صاف کیا خار زار ہر رستہ

حضورؐ آپ کی سیرت سے منسلک یوں ہیں

ہو جیسے چادرِ یمنی میں ٹاٹ پیوستہ

ہوائے کُوچۂ جاناں کا خیر مقدم ہے 

اٹھا کے لائی مدینے سے شعرِ بر جستہ

انہیںؐ کی ہاں میں دعاؤں کی مستجابی ہے

سب اگلے پچھلوں کی اُمید جن سے وابستہ

نظر غلافِ مزارِ رسولﷺ پر ٹھہری 

مچل پڑے درِ اقدس پہ اشکِ خود رفتہ

وگرنہ کتنے خداؤں کو پُوجتے ہم بھی 

عیاں ہوئی تو انہیںؐ سے وہ ذاتِ سر بستہ

سجی ہے ایک نشست اور بھی مدینے میں 

مگر وہاں مجھے پڑھنی ہے نعت لب بستہ

انہیںؐ خبر تھی درختوں کو کاٹا جاتا ہے 

وہ بیج بوتے رہے دِین کے پر، آہستہ

جنہوں نے راہوں میں کانٹے بچھائے تھے انؐ کی 

عطا!! انہیں بھی نوازا کرم کا گلدستہ


عطا اشرفی

No comments:

Post a Comment