Sunday, 9 July 2023

یہ کہنا کتنا آساں ہے

 یہ کہنا کتنا آساں ہے

میرا جو کچھ ہے تیرا ہے

میرا ہر پل تمہارا ہے

سبھی قصے تمہارے ہیں

میرا دل، جسم و جاں ہمدم

میرے سپنے تمہارے ہیں

مگر اے جانِ من سُن لے

ہے کذب و افتراء یہ تو

نہیں منظور مجھ کو، کہ

کھری میری محبت میں

کوئی بھی جُھوٹ ہو شامل

سب ہی کچھ تو نہیں تیرا

کہیں پہ کچھ تو میرا ہے

صرف میرا

میرے بچپن کی کچھ یادیں

میرے اپنوں کی چند باتیں

میرے کچھ گھاؤ میرے ہیں

کئی دُکھ میرے اپنے ہیں

کہیں کچھ خواب، ادھورے سے

ابھی بھی طاق نسیاں پہ

ہیں میرے منتظر جاناں

نہیں منسوب وہ تم سے

وہ میرے ہیں

وہ میرے ہیں


مصروفہ قادر

No comments:

Post a Comment