مے کدہ بن گئیں مست آنکھیں، زلف کالی گھٹا ہو گئی ہے
کیا ہو مے کا نشہ زندگی میں، زندگی خود نشہ ہو گئی ہے
بے اجازت لبوں کو تمہارے چوم کر خود پریشاں ہوں میں
ہوش میں اتنی جرأت نہ ہوتی، بے خودی میں خطا ہو گئی ہے
پہلے تو دیکھنا، مسکرانا، پھر نظر پھیرنا، روٹھ جانا
ہو گیا خون کتنوں کا ناحق، آپ کی تو ادا ہو گئی ہے
ایسی چلتی ہے گلیوں میں، تیری جھوم کر جیسے چلتے ہیں میکش
جب سے زلفوں کو تیری چھوا ہے، کتنی بے خود صبا ہو گئی ہے
بے دوا مجھ کو اچھا کیا ہے، چارہ سازی کے انداز دیکھو
مسکرا کر نظر یوں اٹھائی، دردِ دل کی دوا ہو گئی ہے
یوں رچا کیف نس نس میں میری، مٹ گئی فکرِ دنیا و عقبی
جب سے رکھا قدم میکدے میں زندگی کیا سے کیا ہو گئی ہے
عشق نے کیا تماشا دکھایا، کیسی کروٹ نصیبوں نے بدلی
اے فنا ہم کو دیوانہ کر کے، وہ نظر پارسا ہو گئی ہے
فنا بلند شہری
Plz Share The Video Live Of This Song by Ustad-E-Azam
ReplyDeleteجیسے ہی مجھے قوالی/سونگ ملتا ہے میں وڈیولنک شامل کر دوں گا۔
Delete