Saturday, 8 May 2021

کتنی حسرت سے تری آنکھ کا بادل برسا

 کتنی حسرت سے تِری آنکھ کا بادل برسا

یہ الگ بات مِرا شعلۂ غم بجھ نہ سکا

تیرا پیکر ہے وہ آئینہ کہ جس کے دم سے

میں نے سو روپ میں خود اپنا سراپا دیکھا

ایک لمحے کے لیے چاند کی خواہش کی تھی

عمر بھر سر پہ مِرے قہر کا سورج چمکا

جب بھی احساس اماں باعث تسکیں ٹھہرا

ان گنت خطروں کی آہٹ سے دل اپنا دھڑکا

میں اذیت کی گپھاؤں میں کراہوں کب تک

بے گناہی کی سزا کے لیے میعاد ہے کیا

تیرہ و تار خلاؤں میں بھٹکتا رہا ذہن

رات صحرائے انا سے میں ہراساں گزرا

سحر گویائی کے کس دشت کا فیضان ہے یہ

ہر سخن لب سے تِرے صورت آہو نکلا

میں نے جس شاخ کو پھولوں سے سجایا عارف

میرے سینے میں اسی شاخ کا کانٹا اترا


عارف عبدالمتین

No comments:

Post a Comment