Friday, 15 October 2021

انجم تمہیں الفت ابھی کرنا نہیں آتا

 انجم تمہیں الفت ابھی کرنا نہیں آتا

ہر ایک پہ مرتے ہو پہ مرنا نہیں آتا

عالم کے حسیں بھرتے ہیں آنکھوں میں تمہاری

دم عشق کا بھرتے ہو پہ بھرنا نہیں آتا

ہم جان ہی سے اپنی گزر جائیں تو بہتر

ہٹ دھرمی سے ان کو جو گزرنا نہیں آتا

لو نام خدا ہم سے بناتے ہیں وہ باتیں

جن کو کہ ابھی بات بھی کرنا نہیں آتا

کہتے ہو مِری لاش پہ مارا ہے یہ کس کا

کیوں جی یہی کہتے تھے مکرنا نہیں آتا

بکھرے ہوئے بالوں میں بھی ہیں لاکھ ادائیں

الھڑ کو ابھی میرے سنورنا نہیں آتا

کیا وصل کی شب کاٹی ہے فقرے ہی بتا کر

سچ ہے کہ تمہیں بات کترنا نہیں آتا

ایسا تو ہمیں پیس کہ ہوں آنکھوں کا سرمہ

اے چرخ! تجھے جور بھی کرنا نہیں آتا

حق یہ ہے کہ انجم تِرا دل ٹھہرے تو کیونکر

سینے پہ انہیں ہاتھ بھی دھرنا نہیں آتا


آسماں جاہ انجم

No comments:

Post a Comment