Wednesday, 6 October 2021

کھاتے ہیں ہم ہچکولے اس پاگل سنسار کے بیچ

 کھاتے ہیں ہم ہچکولے اس پاگل سنسار کے بیچ

جیسے کوئی ٹوٹی کشتی پھنس جائے منجدھار کے بیچ

ان کے آگے گھنٹوں کی عرضِ وفا اور کیا پایا

ایک تبسم مبہم سا، اقرار اور انکار کے بیچ

دونوں ہی اندھے ہیں مگر اپنے اپنے ڈھب کے ہیں

ہم تو فرق نہ کر پائے کافر اور دیندار کے بیچ

عشق پہ بو الہوسی کا طعن یہ بھی کوئی بات ہوئی

کوئی غرض تو ہوتی ہے پیار سے ہر ایثار کے بیچ

یوں تو ہمارا دامن بس ایک پھٹا کپڑا ہے مگر

ڈھونڈھو تو پاؤ گے یہاں سو سو دل ہر تار کے بیچ

جیسے کالے کیچڑ میں اک سرخ کمل ہو جلوہ نما

ایسے دکھائی دیتے ہو ہم کو تو اغیار کے بیچ

یہ ہے دیار عشق یہاں کیف خرد سے کام نہ لے

فرق نہیں کر پائے گا مجنوں و ہشیار کے بیچ


سرسوتی سرن کیف

No comments:

Post a Comment