Saturday, 9 October 2021

جز تیرے ہر اک شے اسے بیکار لگے ہے

 جُز تیرے ہر اک شے اسے بیکار لگے ہے

دل اب بھی تِرا حاشیہ بردار لگے ہے

حق کہنے سے منصور نہ بن جاؤ گے لوگو

سینے پہ یہ تمغہ تو سرِ دار لگے ہے

کہتا تھا کنارے پہ کل اک ڈوبنے والا

طوفاں سے جو کھیلے ہے وہی پار لگے ہے

وہ اور مجھے دیکھیں عنایت کی نظر سے

یہ بات تو اک سرخئ اخبار لگے ہے

پوچھے نہ کوئی اس دلِ مایوس کا عالم

ہنس کے جو ذرا بولے تو غمخوار لگے ہے

ناقدرئ اربابِ سخن دیکھ کے سنبل

یہ جنسِ گراں مایہ بھی بیکار لگے ہے


صبیحہ سنبل

No comments:

Post a Comment