Tuesday, 19 October 2021

بات بنتی ہے بات کرنے سے

  بات بنتی ہے بات کرنے سے

چلو ہم پھر سے بات کرتے ہیں

چلو ہم اوڑھتے ہیں سپنوں کو

چلو ہم پھر سے خواب بُنتے ہیں

پھر کسی شام کے اندھیرے کو

نرم زُلفوں کے نام کرتے ہیں

پھر کسی صبح کے اجالے کو

دونوں بانہوں میں یار بھرتے ہیں

اور کسی سُرمئی سے بادل کو

ڈھونڈ لاتے ہیں گھر کے چوبارے

دھیمی دھیمی سی سرد بارش کو

مل کے کہتے ہیں اب تو آ جا رے 

بات بنتی ہے بات کرنے سے

چلو ہم پھر سے بات کرتے ہیں

چلو اس راہ کو نکلتے ہیں 

جس پہ چلنے سے پھول کھلتے ہیں 

اور  وہ خط  جو ادھ کھلے ہی رہے 

ان کو اب مِل کے ساتھ پڑھتے ہیں 

اتنی مُدت میں جو بھی زخم ملے 

دونو ں ہاتھوں سے ان کو بھرتے ہیں 

اور ان سارے ہی سبز زخموں کو 

بٍیچ کیاری میں دفن کرتے ہیں 

نئی کچھ کونپلیں اگاتے ہیں

پیار کو پیار سے جگاتے ہیں 

میں نے تاریخ میں پڑھا ہے یہ

اور بزرگوں سے بھی سنا ہے یہ

کہ بات بنتی ہے بات کرنے سے

 چلو ہم پھر سے بات کرتے ہیں


تاشفین فاروقی

No comments:

Post a Comment