Wednesday, 6 October 2021

کیوں مرے خواب پریشاں نہیں ہونے دیتے

 کیوں مِرے خواب پریشاں نہیں ہونے دیتے

کیوں مجھے ذات پہ حیراں نہیں ہونے دیتے

کیوں مِرے پھیلے ہوئے ہاتھ ہیں خالی اب تک

کیوں مِرے بخت کا ساماں نہیں ہونے دیتے

ہم تِری کھوج میں اک اور خدا کو پرکھیں

ہم کو اتنا بھی تو ناداں نہیں ہونے دیتے

پہلے مسجودِ ملائک بھی بناتے ہو مجھے

پھر مکمل مِرا ایماں نہیں ہونے دیتے

خود براہیمؑ سے کرتے ہو تقاضا پہلے

پھر کوئی جان بھی قرباں نہیں ہونے دیتے

خود کو بھی تم نے چھپا رکھا ہے سو پردوں میں

اور کسی بت کو بھی یزداں نہیں ہونے دیتے

میں تجھے وہم کے رستے سے یقیں تک پرکھوں

یوں بھی پورا مِرا ارماں نہیں ہونے دیتے

تم سرِ طور بلا کر بھی جلا دیتے ہو

تم کبھی دید کا امکاں نہیں ہونے دیتے

ہم اگر موت کو مانگیں تو خفا ہوتے ہو

اور پھر زیست بھی آساں نہیں ہونے دیتے


شازیہ اکبر

No comments:

Post a Comment