عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
خورشید رسالت کی شعاؤں کا اثر ہے
احرام کی مانند مِرا دامنِ تر ہے
نظارۂ فردوس کی یا رب نہیں فرصت
اس وقت مدینے کی فضا پیشِ نظر ہے
اس شہر کے ذرے ہیں مہ و مہر سے بڑھ کر
جس شہر میں اللہ کے محبوبﷺ کا گھر ہے
یہ راہ کے کنکر ہیں کہ بکھرے ہوئے تارے
یہ کہکشاں ہے کہ تِری گرد سفر ہے
اس صاحبِ معراج کے در کا ہوں بھکاری
قرآن میں جس کے لیے ماذاغ البصرہے
اک مہر لقا، ماہ ادا کا ہے یہ اعجاز
ہر اشک مِری آنکھ کا تابندہ گہر ہے
میں گنبد خضریٰ کی طرف دیکھ رہا ہوں
کوثر مِرے نزدیک یہ معراجِ نظر ہے
کوثر نیازی
No comments:
Post a Comment