Monday, 7 March 2022

سکوت شب میں تری یاد دل میں یوں آئی

 سکوتِ شب میں تِری یاد دل میں یوں آئی

بجا رہا ہو کوئی دور جیسے شہنائی

خود اپنے غم سے لپٹ کر شہاب سو جاؤ

تھکی تھکی سی شبِ ہجر ختم پر آئی

کسی کو رنجشِ بے جا بھی اب نہیں ہم سے

کھنک کے ٹوٹ گیا ساغر شناسائی

بھلانے والے مِرے دن گزر ہی جائیں گے

مگر ڈسے نہ تجھے شامِ غم کی تنہائی

نہ کوئی وعدہ نہ کوئی یقین تھا پھر بھی

تمہاری راہ میں شب بھر نگاہ دوڑائی

کچھ اس طرح سے اٹھیں میری سمت وہ نظریں

کہ جیسے جاگ اٹھے صبح لے کے انگڑائی

اداسیوں نے کہا؛ اب یہاں نہیں کوئی

کبھی نظر جو تِرے بام و در سے ٹکرائی

شہاب ہی کا فسانہ نہ سن لیا ہو کہیں

فلک پہ کیوں یہ ستاروں کی آنکھ بھر آئی


شہاب اشرف

No comments:

Post a Comment