Tuesday, 22 March 2022

جاتا ہے یار سیر کو گلزار کی طرف

 جاتا ہے یار سیر کو گلزار کی طرف

میری نگاہ ہے گلِ رخسار کی طرف

ہوتی ہے میرے سامنے تصویر یار کی

جب دیکھتا ہوں میں در و دیوار کی طرف

یارب ہو خیر آج کہ کچھ دیکھتا ہے وہ

میری طرف کبھی کبھی تلوار کی طرف

کرتا ہے قتل عاشق مسکیں کو بزم میں

دُزدیدہ دیکھنا تِرا اغیار کی طرف

حسرت ہے یہ مریں بھی جو قید قفس میں ہم

صیاد پھینک دے ہمیں گل زار کی طرف

چاک قفس سے دیکھ تو اے عندلیب زار

کچھ لگ رہی ہے آگ سی گلزار کی طرف


شعور بلگرامی

No comments:

Post a Comment