Wednesday, 19 May 2021

سفر میں راستہ جو پر خطر ملا تھا مجھے

 سفر میں راستہ جو پر خطر ملا تھا مجھے

بہت ہی خوب تھا کیوں راہبر ملا تھا مجھے

جہاں میں جب کوئی جنس گراں شناس نہ تھا

تو اتنا بیش بہا کیوں گہر ملا تھا مجھے

پھر اس کے بعد مرا سر رہا نہ شانوں پر

دیار عشق میں وہ سنگِ در ملا تھا مجھے

میں تا حیات فرشتوں کے پر کتر لیتا

جگر کا درد مگر مختصر ملا تھا مجھے

چمن میں یارِ شرر بار کی خدائی میں

شجر ملا تھا نہ کوئی ثمر ملا تھا مجھے

جو چاہتا اسے میں بھی تباہ کر دیتا

اسی کے قرب میں ایسا ہنر ملا تھا مجھے

سنا تھا سورۂ اخلاص میں نے آذر سے

صنم کدے میں خدا کا ہی گھر ملا تھا مجھے

ہے معجزہ کہ وہ سدرہ مقام تک پہنچا

جو ایک طائر بے بال و پر ملا تھا مجھے

یہ میری آبلہ پائی مجھے مبارک ہو

وہ دن یہی تھا کہ اذنِ سفر ملا تھا مجھے

کبھی بشیر کو میں نے جنوں میں دیکھا تھا

عجیب صاحب فہم و نظر ملا تھا مجھے


بشیر دادا

No comments:

Post a Comment