Wednesday, 19 May 2021

میں کیا ہوں مجھے تم نے جو آزار پہ کھینچا

 میں کیا ہوں مجھے تم نے جو آزار پہ کھینچا

دنیا نے مسیحاؤں کو بھی دار پہ کھینچا

زندوں کا تو مسکن بھی یہاں قبر نما ہے

مُردوں کو مگر درجۂ اوتار پہ کھینچا

وہ جاتا رہا اور میں کچھ بول نہ پایا

چڑیوں نے مگر شور سا دیوار پہ کھینچا

کچھ بھی نہ بچا شہر میں جز رونے کی رت کے

ہر شعلۂ آواز کو ملہار پہ کھینچا

یوسف کبھی نیلام ہوا کرتا تھا، لیکن

یوسف کو بھی اس شہر نے ہے دار پہ کھینچا

پھُوٹے ہیں میرے دل میں پھر انکار کے سوتے

پھر دل نے مجھے حالتِ دشوار پہ کھینچا

ہر شے کی حقیقت میں اُتر جائیں اب آنکھیں

ظلمت نے مجھے دیدۂ بیدار پہ کھینچا

دُکھ عالم انسان کے تھے جو وہ چھُپائے

خط چاند کو سر کرنے کا اخبار پہ کھینچا

تم نے تو فقیہ اپنی انا کس کے مجھے بھی

پیکاں کی طرح حالتِ پیکار پہ کھینچا


احمد فقیہ

No comments:

Post a Comment