Sunday, 9 May 2021

خود کلامی میں نیا رنگ بھی ڈالا جائے

 خود کلامی میں نیا رنگ بھی ڈالا جائے

اب کسی طور مجھے خود سے نکالا جائے

پہلے پتوں میں مِرا ذکر تو شامل کر ناں

پھر کہیں سبز کہیں زرد حوالہ جائے

میری قسمت میں کوئی ہار تو لکھی ہی نہیں

اب ذرا سوچ کے سِکہ بھی اُچھالا جائے

رونے والوں کو بتاؤ کہ حقیقت کیا ہے

ہنسنے والوں کو ذرا رنج سے ٹالا جائے

میں اگر دھوپ کی آنکھوں سے نکل کر آؤں

پھر نہ سورج مِرے ماتھے پہ اُچھالا جائے

اپنے اندر ہی کہیں بانٹ لیا ہے تجھ کو

کیوں کسی سمت تِرے جسم کا ہالہ جائے

میں تو کردار نبھانے کے لیے آیا ہوں

اتنی جلدی نہ کہانی سے نکالا جائے

اے مِرے دوست محبت کی طرفداری میں

جتنا ممکن ہے مِرا نام اٗچھالا جائے

میں ہمیشہ ہی تِرا وِرد کیا کرتا ہوں

مِرے بچوں کو تِرے نام سے پالا جائے

اس کی آنکھوں نے مِرے ہوش اٗڑائے ہیں سہیل

اب اسی زُلف کے مرہم سے سنبھالا جائے


سہیل رائے

No comments:

Post a Comment