Saturday, 21 August 2021

ہر رستہ پر بہار ہوا ہے ابھی ابھی

 ہر رستہ پُر بہار ہُوا ہے ابھی ابھی

دل دل کا رازدار ہوا ہے ابھی ابھی

دامن کی دھجیوں کو ستاروں سے باندھ کر

کوئی فلک کے پار ہوا ہے ابھی ابھی

اس کو پتا نہیں ہے خزاں کے مزاج کا

وہ واقفِ بہار ہوا ہے ابھی ابھی

عشق بشر سے عشق خدا معتبر ہوا

یہ نُکتہ آشکار ہوا ہے ابھی ابھی

اشکوں میں تیر اُٹھی لہو کی لکیر سی

دل پر نظر کا وار ہوا ہے ابھی ابھی

آ جا خدا کے واسطے آ جا نہ دیر کر

دل میرا واگزار ہوا ہے ابھی ابھی

موجوں کی سینہ کوبی بتاتی ہے برملا

دریا کے کوئی پار ہوا ہے ابھی ابھی

اس پر لکھی تھی جان محبت کی داستاں

دامن جو تار تار ہوا ہے ابھی ابھی


جان کاشمیری

No comments:

Post a Comment