عارفانہ کلام نعتیہ کلام
اویسیوں میں بیٹھ جا، بلالیوں میں بیٹھ جا
طلب ہے کچھ تو بے طلب سوالیوں میں بیٹھ جا
یہ معرفت کے راستے ہیں اہلِ دل کے واسطے
جنیدیوں سے جا کے مل، غزالیوں میں بیٹھ جا
صحابیوں سے پھول، تابعین سے چراغ لے
حضورﷺ چاہئیں تو ان موالیوں میں بیٹھ جا
درود پڑھ، نماز پڑھ، عبادتوں کے راز پڑھ
صفیں تو سب بچھی ہیں عشق والیوں میں بیٹھ جا
ہر ایک سانس پر جو ان کو دیکھنے کا شوق ہے
تو آنکھ بن کر ان کے در کی جالیوں میں بیٹھ جا
اگر ہیں خلوتیں عزیز تو ہجوم میں نکل
اگر سکون چاہئے، دھمالیوں میں بیٹھ جا
جو چاہتا ہے گُلستانِ مصطفےٰ کی نوکری
تو بُوئے مصطفیٰؐ پہن کے مالیوں میں بیٹھ جا
مظفر آپؐ تک رسائی اتنی سہل تو نہیں
توجہ چاہئے تو یرغمالیوں میں بیٹھ جا
مظفر وارثی
No comments:
Post a Comment