عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
تیری حمد و ثنا میں کروں یا خدا
اپنا رحم و کرم کر دے مجھ کو عطا
تُو رحیم و کریم اور بخشندہ ہے
تیری ہی ذات جاوید و پائندہ ہے
تُو ہی جبّار ہے، تُو ہی قہّار ہے
تُو ہی ستّار ہے، تو ہی غفّار ہے
آسمانوں زمینوں کا خالق ہے تُو
اس میں موجود ہر شے کا رازق ہے تُو
تُو اندھیرا کرے،۔ تُو اُجالا کرے
تُو جسے چاہے ادنیٰ سے اعلیٰ کرے
تُو نے پیدا کیے نجم و شمس و قمر
رکھ دئیے ہیں سمندر میں لعل و گہر
یہ جمادات ہیں،۔ یہ نباتات ہیں
تیری قدرت سے ارض و سماوات ہیں
میں سیہ کار ہوں، میں خطاوار ہوں
تیری رحمت کا مولیٰ طلبگار ہوں
میری ناقص زباں میرا عاجز بیاں
میں گنہگار ہوں بخش دے مہرباں
سر بہ سجدہ ہے تیرا سراجِ حزیں
بخش دے زاہدوں سا مزاجِ مبیں
سراج الدین گلاؤٹھوی
No comments:
Post a Comment