Friday, 11 November 2022

کہنے کو یہاں جینے کا سامان بہت ہے

 کہنے کو یہاں جینے کا سامان بہت ہے

اک تو جو نہیں زندگی ویران بہت ہے

ملتا ہے سرِ راہ تو کتراتا ہے مجھ سے

اب اپنے کیے پہ وہ پشیمان بہت ہے

چہرے کے تأثر سے تو لگتا ہے کہ خوش ہے

گر روح میں جھانکو تو پریشان بہت ہے

پھینک آیا تھا وہ مجھ کو کسی اندھی گُپھا میں

منزل پہ مجھے پا کے وہ حیران بہت ہے

سیتا ہے اگر تُو تجھے پانا نہیں مشکل

تیرے لیے بس رام کا اک بان بہت ہے

اک حرف محبت ہی اثاثہ ہے ظفر کا

ارزاں جو زمانے میں مِری جان بہت ہے


رشید الظفر

No comments:

Post a Comment