حجرے شکستہ دل، در و دیوار دم بخود
آرام گاہِ شاہ کے آثار دم بخود
جکڑا ہوا زمیں نے ستونوں کا اک جلوس
اک پل پہ آ کے وقت کی رفتار دم بخود
اندر کی سمت گرتی ہوئی دل گرفتہ سِل
یہ سنگِ ماہ رنگ کہ مر مر کہیں جسے
یہ روشنی سی برف کے اس پار دم بخود
اک دوسرے کو تکتے ہوئے عکس و آئینہ
اظہار منجمد، لبِ گفتار دم بخود
سکتے میں چار سمت زرہ پوش جالیاں
محراب کی کھنچی ہوئی تلوار دم بخود
صدیوں سے بادشاہ یہاں محو خواب ہے
صدیوں سے ہے لگا ہوا دربار دم بخود
کُو کُو کی گونج پھیلی ہوئی چار سُو، مگر
اس داستاں کا مرکزی کردار دم بخود
سعود عثمانی
No comments:
Post a Comment