Monday, 17 May 2021

مرے بارے میں کچھ سوچو مجھے نیند آ رہی ہے

 مِرے بارے میں کچھ سوچو مجھے نیند آ رہی ہے

مجھے ضائع نہ ہونے دو، مجھے نیند آ رہی ہے

مِرے اندر کے دُکھ چہرے سے ظاہر ہو رہے ہیں

مِری تصویر مت کھینچو، مجھے نیند آ رہی ہے

تو کیا سارے گِلے شکوے ابھی کر لو گے مجھ سے

کچھ اب کل کے لیے رکھو، مجھے نیند آ رہی ہے

سحر ہو گی تو دیکھیں گے کہ ہیں کیا کیا مسائل

ذرا سی دیر سونے دو، مجھے نیند آ رہی ہے

تمہارا کام ہے ساری حِسیں بیدار رکھنا

مِرے شانے پہ سر رکھو مجھے نیند آ رہی ہے

بہت کچھ تم سے کہنا تھا مگر میں کہہ نہ پایا

لو میری ڈائری رکھ لو، مجھے نیند آ رہی ہے


محسن اسرار

No comments:

Post a Comment