تیز آندھی، رات اندھیاری، اکیلا راہرو
بڑھ رہا ہے سوچتا ڈرتا جھجکتا راہرو
منزلیں سمتیں بدلتی جا رہی ہیں روز و شب
اس بھری دنیا میں ہے انسان تنہا راہرو
کچھ تو ہے جو شہر میں پھرتا ہے گھبراتا ہوا
بے خبر ورنہ بھرے جنگل سے گزرا راہرو
کھڑکیاں کھلنے لگیں دروازے وا ہونے لگے
جب بھی گزرا راہ سے کوئی سجیلا راہرو
خضر کی سی عمر ورنہ کیسے تنہا کاٹتے
بے سہارا راستوں کا ہیں سہارا راہرو
بخش ہی دے کوئی شاید گیسوؤں کی نرم چھاؤں
ہر نئی بستی میں تھوڑی دیر ٹھہرا راہرو
کوئی منزل آخری منزل نہیں ہوتی فضیل
زندگی بھی ہے مثال موج دریا راہرو
فضیل جعفری
No comments:
Post a Comment