Thursday, 6 May 2021

دوزخ سے متصل رہی خلد برین بھی

 دوزخ سے متصل رہی خلدِ برین بھی

مجھ کو جہاں کا وہم تھا تیرا یقین بھی

ایسے ہی محوِ رقص رہے گی تو دیکھنا

چکرا کے گر پڑے گی کسی دم زمین بھی

میں نے تِرے لحاظ میں ٹُھکرا دیا جسے

وہ با ادب تھی اور نہایت حسین بھی

محفل میں بیٹھ کر بھی اکیلے ہیں یعنی ہم

شہری ہیں ایک وقت میں صحرا نشین بھی

تیری زبان کو ہی نہ توفیق ہو سکی

اب ورنہ بات کرنے لگی ہے مشین بھی

کیوں بانٹتا ہے روشنی یکساں ہر ایک کو

معلوم کیجیے ذرا سورج کا دین بھی


آفتاب نواب

No comments:

Post a Comment