Tuesday, 8 November 2016

بے سبب یوں تو سر شام نکل آتے ہیں

بے سبب یوں تو سرِ شام نکل آتے ہیں
ہم بلائیں تو انہیں کام نکل آتے ہیں
ایک مجنوں ہی نہیں دشت میں تنہا رویا
رونے والوں میں کئی نام نکل آتے ہیں
ملتے رہتے ہیں ہمیں زیست میں لوگ ایسے بھی
خاص ہوتے ہیں, مگر خام نکل آتے ہیں
بارہا پہنچے ہیں دربار میں اوروں کی طرح
دام لگتے ہیں تو بے دام نکل آتے ہیں
روتے روتے جو ہنسا ہوں تو تعجب کیا ہے
سختیوں میں بھی تو آرام نکل آتے ہیں
نئی تہذیب کے روزن سے یہ دیکھا منظرؔ
سچ کے اظہار سے ابہام نکل آتے ہیں

منظر نقوی

No comments:

Post a Comment