ہمیشہ مجھ تک آنے کے بہانے ڈھونڈھ لیتا ہے
مِرا ہمزاد میرے سب ٹھکانے ڈھونڈھ لیتا ہے
کسی دیوار سے لگ کر کبھی گِریہ نہیں کرتا
وہ رونے کیلئے بھی میرے شانے ڈھونڈھ لیتا ہے
مجھے، مجھ سے ملانے کیلئے میرے تعاقب میں
میں دل کی ساتویں تہہ میں چھپا لیتا ہوں یادوں کو
مگر وہ حیلہ گر میرے خزانے ڈھونڈھ لیتا ہے
میں ترکش میں پڑے اس تیر سے بچ کر کہاں جاؤں
جو چِلے پر نہ ہو پھر بھی نشانے ڈھونڈھ لیتا ہے
بھرے گھر میں جسے تنہائیوں کی شام ڈستی ہو
وہ طاقوں میں دھرے وعدے پرانے ڈھونڈھ لیتا ہے
حسنؔ میں نیند میں چلتے ہوۓ بھی کب بھٹکتا ہوں
کہ دل یاروں کے سارے آستانے ڈھونڈھ لیتا ہے
حسن عباس رضا
No comments:
Post a Comment