Sunday, 16 May 2021

مانا اس کو گلہ نہیں مجھ سے

 مانا اس کو گِلہ نہیں مجھ سے

کچھ تو ہے جو کہا نہیں مجھ سے

حق نہیں دوستی کا ایسا کوئی

جو کہ اس کو ملا نہیں مجھ سے

دل ہی دل میں وہ بغض رکھتا ہے

جو بظاہر خفا نہیں مجھ سے

کچھ تو ہو گا ضرور اس کا سبب

وہ جو اب تک لڑا نہیں مجھ سے

لاکھ پیچھا چھڑانا چاہا مگر

غم ہوا ہی جدا نہیں مجھ سے

کیسے رہ پائے گا وہ میرے بغیر

جو الگ ہی رہا نہیں مجھ سے

جو بظاہر خفا ہے اے مہتاب

وہ بہ باطن خفا نہیں مجھ سے


بشیر مہتاب

No comments:

Post a Comment