Thursday, 6 May 2021

چاندی کے ہالے میں کس کو کھوجتی ہو تم

چاندی کے ہالے میں کس کو کھوجتی ہو تم

چھُپ کے یوں اُداسی میں کس کو سوچتی ہو تم

بار بار چُوڑی کے سُر کسے سُناتی ہو؟

شور سے صدا کس کی توڑ توڑ لاتی ہو؟

بزم میں بہاروں کی، کھوئی کھوئی لگتی ہو

دوستوں کے مجمع میں، کیوں اکیلی رہتی ہو

جھالروں سے پلکوں کی، ٹُوٹ ٹُوٹ جاتی ہو

بُلبُلے کی صُورت میں، پھُوٹ پھُوٹ جاتی ہو

دُھند سے لِپٹ کر کیوں، سُونی راہ تکتی ہو

کھڑکیوں سے برکھا کو، دیکھ کر بِلکتی ہو

سارے سپنے آنکھوں سے ایک بار بہنے دو

رات کی اُبھاگن کو تارا تارا گہنے دو

ماضی، حال، مستقبل، کچھ تو کورا رہنے دو

پُل کے نیچے بہنے دو آنسوؤں کی یہ ندیاں

وقت چلتا جائے گا، بِیت جائیں گی صدیاں

بے حسوں کی بستی میں، بے حسی کو رہنے دو

دل تو پُورا پاگل ہے اس کو پُورا رہنے دو

یہ جو کہتا رہتا ہے، اس کو بھی وہ کہنے دو

اس کو کورا رہنے دو

تم یہ کورا رہنے دو 


فرزانہ نیناں

No comments:

Post a Comment