Sunday, 21 November 2021

اب کوئی صحرا نہ اونٹوں کی قطاریں

ذات کی کال کوٹھڑی سے آخری نشریہ


اب کوئی صحرا نہ اونٹوں کی قطاریں

گھنٹیاں سی جگمگاتی خواہشوں کی

دھیان کے کُہرے میں لپٹی

گُنگناتی ہیں مگر مِضراب آئندہ سفر کے

راستوں کے ساز سے ناراض ہیں

میں اسی اندھی گلی کی قبر میں مرنے لگا

بھاگ نکلی تھی جہاں سے

زیست پیدائش کے دُکھ دے کر مجھے

آنکھ سے چِپکے نظاروں کے ہزاروں داغ ہیں

جو وقت کی بارش سے بھی دُھلتے نہیں

کون سی دِیوار میں رخنے ہیں کتنے

کون دروازوں کو کیسی چاٹ دیمک کی لگی ہیں

کون سی چھت تک کسی نے

سیڑھیوں میں ٹھوکریں کتنی رکھی ہیں

ہر کہانی یاد ہے

سُن مِرے ہمزاد سُن

زندگی کے کھوج میں اب

ہجرتیں واجب ہیں لیکن

سرحدوں سے ماوراء ہیں

یا ہوائیں یا صدائیں یا پرندے

میں تمنّا کے جہازوں کا مُسافر

یا پاسپورٹوں اور ویزوں کے ائیر پیکٹ ڈراتے ہیں مجھے


سعید احمد

No comments:

Post a Comment