Monday, 15 November 2021

اک مسئلہ ہے اپنے ہی دل کے وقار کا

 اک مسئلہ ہے اپنے ہی دل کے وقار کا

کیا ماجرا سناؤں غمِ قسط وار کا

اپنی ہی آگ میں مِرا جلنا وہ ہر گھڑی

آئینہ دیکھنا وہ تِرا بار بار کا

اب آ گیا ہے وقت کریں خود پہ اعتماد

اب ذکر ہے فضول کسی انحصار کا

کیوں کارواں سے اپنے بچھڑنا پڑا اسے

وہ آدمی تو تھا نہیں پچھلی قطار کا

سوچا نہ جاؤں بزم میں اس کی، مگر گیا

کب تھا معاملہ یہ مِرے اختیار کا

ہر بار بزمِ یار میں ہم خوار ہی ہوئے

پھر بھی نشہ اتر نہ سکا اعتبار کا

چھوٹی سی ہے تو کیا مِری دنیا مِری تو ہے

انجم کرم ہے یہ مِرے پروردگار کا


مشتاق انجم

No comments:

Post a Comment