Wednesday, 17 November 2021

فضا میں تیرتے رہتے ہو تم خبر کی طرح

 فضا میں تیرتے رہتے ہو تم خبر کی طرح

میں اک کنارے پڑا ہوں شکسۃ پر کی طرح

چہل پہل نہیں کوئی نہ زندگی کا نشاں

مِرا وجود ہے تنہا اداس گر کی طرح

امیر شہر نے شک کی نگاہ سے دیکھا

غریب شہر ہے ہمراہ ہمسفر کی طرح

تو ایک منزل موہوم جستجو میں تِری

مِرا وجود ہے سنسان رہگزر کی طرح

ہر ایک لمحہ ہر اک پل بکھر رہا ہے وجود

خزاں کی دھوپ میں جھڑتے ہوئے شجر کی طرح

وہ ایک لفظ سراپا ہے رات کی صورت

ہم ایک معنئ بے پردہ ہیں سحرکی طرح

تمہیں کہو کہ تمہیں لوگ کیا کہیں گے شمیم

خبر کی دنیا میں رہتے ہو بے خبر کی طرح


شمیم ہاشمی

No comments:

Post a Comment