Friday, 12 November 2021

شہر میں تجھ سے تھک گیا ہوں

 شہر


لوگ کہتے ہیں کہ تجھ سے تھک جانا

مر جانے کے برابر ہے

اور مجھے بھی کبھی کبھی ایسا ہی لگتا ہے

تو سن شہر میں تجھ سے صاف صاف کہہ دوں

کہ میں تجھ سے تھک گیا ہوں

یا مجھے یوں لگتا ہے

کہ میرے سر سے اس باپ کا سایہ اٹھ گیا ہے

جو اتنے دنوں میری نگہبانی کر رہا تھا

سن شہر

اگر مر جاؤں

اور لوگ مجھے دفنانے لے جائیں

تو جھپٹ کے تو مجھے گود میں لے لینا

اور بال کھولے کہانی والی ماؤں کی طرح

مجھے آنچل میں چھپا کر چیخ چیخ کر ان سے کہہ دینا

کہ؛ نہیں یہ میرا بیٹا ہے

میرے جیتے جی یہ کبھی یتیم نہیں ہو سکتا

نہ ہی

میرے جیتے جی کوئی اسے مجھ سے چھین سکتا ہے


عین رشید

No comments:

Post a Comment