Monday, 28 September 2026

کب تھی وہ شے بہار میں کب تھی خزاں کے پاس

 کب تھی وہ شے بہار میں کب تھی خزاں کے پاس

جو اب ہمارے دور کے ہے گُلستاں کے پاس

کتنی ہیں بستیاں جو معلّق خلا میں ہیں

کتنے جہاں، رُکے ہوئے ہیں کہکشاں کے پاس

چٹیل ہیں رہگزاروں کے سینے کُھلے ہوئے

اب خاک بھی نہیں ہے کسی کارواں کے پاس

جب ریگ ہی نہیں رہی صحرائے زیست میں

پھر ناقۂ خیال کہاں سارباں کے پاس

اب دھڑکنوں کی تاؤ پہ ہے زندگی سوار

ہر سانس مثل سیل ہے اس ناتواں کے پاس

ہم نے لیا ہے درد کی ہمسائیگی کا لطف

ہم کیسے گھر بنائیں کسی مہرباں کے پاس

اک وقت میں کُھلے گا زمانے پہ اے منیب

جو زندگی کا راز ہے اس رازداں کے پاس


منیب برہانی

No comments:

Post a Comment