Saturday, 8 October 2022

تم نے بھی ٹھکرا ہی دیا ہے دنیا سے بھی دور ہوئے

 تم نے بھی ٹھکرا ہی دیا ہے دنیا سے بھی دور ہوئے

اپنی انا کے سارے شیشے آخر چکنا چُور ہوئے

ہم نے جن پر غزلیں سوچیں ان کو چاہا لوگوں نے

ہم کتنے بدنام ہوئے تھے، وہ کتنے مشہور ہوئے

ترکِ وفا کی ساری قسمیں ان کو دیکھ کے ٹوٹ گئیں

ان کا ناز سلامت ٹھہرا، ہم ہی ذرا مجبور ہوئے

ایک گھڑی کو رُک کر پوچھا اس نے تو احوال مگر

باقی عمر نہ مُڑ کر دیکھا، ہم ایسے مغرور ہوئے

اب کے ان کی بزم میں جانے کا گر محسن اِذن ملے

زخم ہی ان کی نذر گزاریں اشک تو نا منظور ہوئے


محسن نقوی

No comments:

Post a Comment