عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
لولاک ہے چمن گل خوشرو حضورﷺ ہیں
ہر گل کی رگ میں صورت خوشبو حضورﷺ ہیں
ہر ظلم کے محاذ پہ سینہ سپر ہیں آپ
ہر ناتواں کی قوت بازو حضورﷺ ہیں
رہتے ہیں ممکنات ابد تک نگاہ میں
حسن ازل کی جنبش ابرو حضورﷺ ہیں
بہر مشام روح سر دشت کائنات
عطر روان و نافۂ آہو حضورﷺ ہیں
صحرا میں ہر مسافر بیکس کے واسطے
کنج سکون و نخل لب جو حضورﷺ ہیں
گمراہیوں میں سمت نما اسم آپ کا
تشکیک میں یقیں کا ترازو حضورﷺ ہیں
تسکین قلب و جاں ہے ظفر آپ ہی کی یاد
کلفت میں انبساط کا پہلو حضورﷺ ہیں
قاضی ظفر اقبال
No comments:
Post a Comment