Thursday 12 September 2024

اجاڑ لمحوں کی داستانیں جو تم کہو تو سنائیں تم کو

 اُجاڑ لمحوں کی داستانیں جو تم کہو تو سُنائیں تم کو

بہت سا ہم جاگتے رہے ہیں چلو ذرا سا جگائیں تم کو

تمہی ہو جو روشنی سی بن کر ہماری آنکھوں میں آ بسے ہو

جب اپنی آنکھیں ہی کہہ دیا ہے تو پھر بھلا کیوں رُلائیں تم کو

تم آج کیوں مُضطرب ہو جاناں، تمہارے لہجے میں ٹُوٹ کیسی

کہا نہیں تھا کہ وقت دے گا کدُورتوں کی سزائیں تم کو

غُبار آلود راستوں میں تلاش کر کر کے تھک گئے ہیں

کہاں پہ جا کر بسے ہوئے ہو کہاں سے ہم ڈھونڈ لائیں تم کو

تمہیں تو سُکھ آ گئے میسّر تمہیں تو ہم یاد ہی نہیں ہیں

مگر بتاؤ کہ ہم جو چاہیں تو کس طرح سے بھُلائیں تم کو

تم اپنی باتوں پہ مطمئن ہو، ہمیں بھی شرمندگی نہیں ہے

انا کی دیوار کو گِرا کر نہیں یہ ممکن منائیں تم کو

کہو اے جاذب یہ جھوٹ ہے نا! کہ تم نے اس کو بھُلا دیا ہے

ابھی تلک جس کی شوخ یادیں ہر ایک لمحہ ستائیں تم کو


بہزاد جاذب

No comments:

Post a Comment