Tuesday, 17 February 2026

پہلا ثنا گوئے نبی رحمان ہے ایمان ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


پہلا ثنا گوئے نبیؐ رحمان ہے، ایمان ہے

سر چشمۂ نعتِ نبیؐ قرآن ہے، ایمان ہے

سرکارﷺ کو اللہ کا عرفان ہے، ایمان ہے

اس بات کا سو فیصدی ایقان ہے، ایمان ہے

وحئ الہٰی میں تردد کا گزر ممکن نہیں

سرکارؐ جو بھی آپ کا فرمان ہے، ایمان ہے

اللہ کے پیارے نبیؐ ہیں خاتمِ پیغمبراںﷺ

ایمان ہے، ایمان ہے، ایمان ہے، ایمان ہے

پہنچے عدم کی اوٹ سے ہم پردۂ ایجاد پر

ہر نفس پر سرکارؐ کا احسان ہے، ایمان ہے

نازِ دوائے بے اثر ہم تو اٹھانے کے نہیں

ذکرِ نبیﷺ ہر درد کا درمان ہے، ایمان ہے

یا رب! ہمیں پوری طرح معیار کے قابل بنا

عشقِ نبیﷺ غفران کا سامان ہے، ایمان ہے

وہ نزع ہو یا قبر ہو یا حشر ہو یا پل صراط

عشاق پر ہر مرحلہ آسان ہے، ایمان ہے

یہ بات اپنے لوحِ دل پر نقش کر لے اے سحر

نعتِ نبیؐ شعر و سخن کی جان ہے، ایمان ہے


سحر بلرامپوری

غلام جیلانی سحر

No comments:

Post a Comment